الگ دنیا


 تمہیں پتہ ہے میں کتابیں بہت پڑھتی ہوں؟ اور کیا تمہیں یہ بھی پتہ ہے کہ کبھی کبھی میں جب کسی کتاب میں کھوجاتی تو اکثر اپنے آپ کو مافوق الفطرت دنیا میں موجود پاتی۔۔۔ اور بعض اوقات سوچتی کہ کیا ایسا بھی ممکن ہے کہ مجھے ایک ایسا دروازہ مل جائے جسے کھول کر میں کسی دوسری دنیا میں جاسکوں؟ جو صرف میری ہو؟ جہاں میں آنکھیں بند کرکے سانس لے سکوں؟ اور پھر اپنا سر جھٹک کر خود کو خود ہی ٹھوکتی اور سوچتی تھی کہ ارے پگلی! تم بھی نا۔۔۔ چلو پڑھو۔۔۔ اور یوں میں اپنے اندر جنم لینے والی آرزؤں کو سلا دیتی۔۔۔ 

پر کیا تم جانتے ہو کہ میری یہ آرزو پوری ہوگئی ہے؟ 

مجھے ایک ایسا دروازہ مل گیا ہے جسے کھول کر میں سانس لے پاتی ہوں۔۔۔   

جو صرف اور صرف میری ہے۔۔۔ جہاں بس سکون بستا ہے۔۔۔ جہاں میں بس آسماں دیکھ سکتی ہوں۔۔۔ جہاں میں زندگی کو بھرپور طریقے سے جی سکتی ہوں۔۔۔ اور کیا تمہیں یہ پتہ ہے کہ مجھے یہ کب ملا ؟ 

شاید یہ میں خود بھی نہیں جانتی کہ میں کب سے جی اٹھی ہوں۔۔۔ کب سے میں نے مسکرانا سیکھا ہے۔۔۔ 

ہاں پر مجھے اتنا یاد ہے کہ کچھ دن پہلے میں بہت تکلیف میں تھی  اور  مجھے اپنا دم گھٹتا ہوا محسوس ہورہا تھا۔۔۔ لیکن جب میں  تمہارے قریب آئی تو جیسے آس پاس کی ساری دنیا غائب ہوگئ۔۔۔ اور بس پھر لگا کہ وہ دروازہ کھل گیا ہے اور باقی سب کچھ غائب۔۔۔۔ وہاں صرف میں اور تم تھے اور ہماری چھوٹی سی دنیا۔۔۔ جہاں سمندر کے کنارے ساحل کو دیکھ کر میں ایک معصوم سی بچی بن گئی اور تم۔۔۔۔ تم سورج کے کرنوں کو چھوڑ کر صرف مجھے دیکھ رہے تھے۔۔۔ میں چھوٹے بچوں کی مانند کھیلتے کھیلتے تھک کر تم تک لوٹ آئی اور اپنا سر تمہارے سینے پر رکھ دیا اور تم میرے بالوں میں انگلیاں پھیرنے لگے۔۔۔ تب مجھے لگا جیسے سکون محض ایک لفظ نہیں رہا۔۔۔ چند لمحوں کے بعد تم میرے پیر دھونے لگے۔۔۔ اور میں چھپ چھاپ تمہیں دیکھنے لگی کہ تم کس قدر عظیم لگے مجھے ۔۔۔ اور تم واقعی عظیم ہو میرے لئے ۔۔۔ تمہارا دھیان میرے پیروں پر تھا جب تم نے پوچھا کہ "کیوں چھپ ہو؟" 

بس یوں ہی۔۔۔ میں نے بےدلی سے جواب دیا پر میں تمہیں بتانا چاہتی تھی کہ مجھے تھام لو۔۔۔۔ تم  اس وقت میرے آنکھوں میں آنسوں نہیں دیکھ سکے۔۔۔ میری نظریں تمہیں التجا کر رہی تھی کہ سنو! یہاں تھم جاؤ۔۔۔ ٹھہر جاؤ۔۔۔ میرے پاس رہ جاؤ ۔۔۔ پر میں خوش تھی کہ اس دروازے پر لگا وہ تالا تم نے توڑ دیا کہ میں جب چاہوں جی سکتی ہوں۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

تم

A woman